ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : گھر میں گھس کر تنہا خاتون کو لوٹنے والے 3 ملزم گرفتار

منگلورو : گھر میں گھس کر تنہا خاتون کو لوٹنے والے 3 ملزم گرفتار

Sat, 17 Sep 2022 00:01:10    S.O. News Service

منگلورو،16؍ستمبر  (ایس او نیوز) موڈبیدری کے اشوتھ پورا کے ایک گھر میں گھس کر وہاں تنہا رہنے والی خاتون کو لوٹنے والے 3 ملزمین کو شہر کی سی سی بی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
   
گرفتار شدہ ملزمین کے نام دنیش پجاری  (36 سال)، سوکیش پجاری (32 سال) اور ہریش پجاری (34 سال) بتائے گئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کے قبضے سے 62 گرام سونے کے زیورات، تین اسکوٹرس، تین موبائل فونس، ایک تلوار، 2 منکی کیپس ضبط کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت کا اندازہ 4.5 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
    
خیال رہے کہ ملزمین نے 30 اگست کی رات میں یہ واردات انجام دی تھی ۔ انہوں نے چہرے پر منکی کیپس اور ہاتھوں میں دستانے چڑھا کر تلوار سے دھمکاتے ہوئے گھر میں تنہا رہنے والی کملا نامی خاتون پر حملہ کیا تھا اور منگل سوترا کے علاوہ دو سونے کی چوڑیاں لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔ اس ضمن میں موڈبیدری پولیس تھانے میں کیس درج کیا گیا تھا۔
    
پولیس کے بیان کے مطابق ان تینوں ملزمین پر موڈ بیدری پولیس اسٹیشن میں  سپاری لوٹنے کا کیس بھی پہلے سے درج ہے ۔ سوکیش پر اسی پولیس اسٹیشن میں پوکسو کے تحت بھی کیس درج رہنے کے علاوہ منی پال پولیس اسٹیشن میں قتل کی کوشش کا کیس بھی درج ہے۔
 


Share: